Thursday, May 9, 2024

رمضان المبارک کے حوالے سے ملک بھر میں یکساں پالیسی ہوگی، وزیر مذہبی امور

رمضان المبارک کے حوالے سے ملک بھر میں یکساں پالیسی ہوگی، وزیر مذہبی امور
April 13, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری  نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے حوالے سے ملک بھر میں یکساں پالیسی ہوگی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ رمضان المبارک اور مساجد کے حوالے سے ملک بھر میں یکساں پالیسی کا نفاذ ہوگا،وزیر اعظم نے تمام مسالک کی مذہبی جماعتوں کے نمائندوں سے رابطہ کرنے کا ٹاسک دیا ہے ۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث ہر کمیونٹی متاثرہوئی، قوم کو مل کر کورونا سے لڑنا ہوگا، حکومت انسداد کورونا کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے بتایا کہ ریاست اپنے شہریوں کی بہتری کیلئے پرعزم ہے ، ایئرپورٹس کی بندش کے باعث بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے لایا گیا۔

اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت  خصوصی کمیٹی برائے کورونا متاثرین کا اجلاس  ہوا ۔

  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری ، وزیر ہوابازی غلام سرور خان اور وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے اجلاس میں شرکت کی ۔  

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے بیرون ملک سے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے اب تک کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ  پوری قوم کو ملکر کورونا سے لڑنا ہوگا ، قائمہ کمیٹیوں کو بھی متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر نورالحق قادری بولے مساجد اور رمضان المبارک سے متعلق فیصلہ علمائے کرام سے مشاورت کے بعد ہوگا، پالیسی پورے ملک کیلئے نافذ العمل ہوگی۔