Tuesday, May 21, 2024

اسپیکر قومی اسمبلی نے ن لیگی ایم این ایز کے استعفوں پر رولنگ دیکر معاملہ نمٹا دیا

اسپیکر قومی اسمبلی نے ن لیگی ایم این ایز کے استعفوں پر رولنگ دیکر معاملہ نمٹا دیا
December 31, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی نے ن لیگ کے دو ایم این ایز کے استعفوں پر رولنگ دیکر معاملہ نمٹا دیا، مرتضیٰ جاویدعباسی اور محمد سجاد نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول استعفوں کو جعلی قرار دیا،جس پر استعفے مسترد کر دیے گئے ۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے ن لیگ کے دو ایم این ایز  مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاد کے  استعفوں پر رولنگ دیکر معاملہ نمٹا دیا۔ ن لیگ کے دونوں  ایم این ایز کے استعفے جعلی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیے گئے ۔

چند روز قبل قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو ن لیگ کے ایم این اے مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاد کے استعفے موصول ہوئے جن کی تصدیق کیلئے دونوں کو سیکرٹریٹ طلب کیا گیا تھا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا کہ دونوں ارکان اسمبلی نے چودہ دسمبر کو استعفے اسپیکر کو بھجوائے۔

مرتضیٰ جاوید عباسی اور سجاد اعوان دونوں 30 دسمبر کو سیکرٹری اسمبلی کے سامنے پیش ہوئے ، دونوں رہنماؤں نے اپنے استعفوں کو جعلی قرار دیتے ہوئے تصدیق سے انکار کر دیا۔اور آج اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے رولنگ دیکر معاملہ نمٹا دیا۔

اس سے قبل قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں  استعفے جمع کرانے کی خبر منظر عام پر آئی تو پہلے مریم اورنگزیب نے وضاحت دی اور بتایا کہ استعفے اسپیکر نہیں بلکہ امیر مقام کے پاس جمع ہیں۔ امیر مقام نے یہ استعفے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کو بھجوادیے ہیں۔

یہی نہیں پھر 92 نیوز سے گفتگو میں امیر مقام بھی وضاحتیں کرتے رہے اور اب تک پارٹی کے پاس جمع تمام استعفوں کے اعداد و شمار گنوا بیٹھے۔