Friday, April 26, 2024

اسپیکر سندھ اسمبلی کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست مسترد

اسپیکر سندھ اسمبلی کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست مسترد
April 12, 2019

 کراچی (92 نیوز) کراچی کی احتساب عدالت نے نیب کے جانب سے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے ریمانڈ میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی۔

 آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتاراسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ آغا سراج درانی تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے۔

 بتایا کہ آغا سراج درانی کا پی ایس ذوالفقارڈاہر ہے جو تمام مالی معاملات دیکھ رہا تھا ، اس کا بیان لینا ہے۔ جس پراپرٹی پر رہائش پذیر ہیں وہ کسی عرفان کے نام پر ہے ، اسکو بھی تلاش کرنا ہے۔

 نیب پراسکیوٹر نے استدعا کی کہ آغا سراج درانی کے جسمانی ریمانڈ میں پندرہ دن کی  توسیع کی جائے۔

 ملزم کے وکلا نے جسمانی ریمانڈ  میں توسیع کی مخالفت کی۔ عدالت نے دونوں فریقن کے دلائل سننے کے بعد ملزم آغا سراج درانی کو 26 اپریل تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ریفرنس پیش کیا جائے۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ انہیں نیب کی تحویل میں ڈیڑھ ماہ ہو گیا۔ وہی بتا سکتے ہیں کہ انہوں نے اب تک کیا حاصل کیا۔

 اس سے پہلے آغا سراج درانی سے ڈاکٹرعاصم اور پیر مظہرالحق نے ملاقات کی۔ خیریت دریافت کی اور گلے لگا کر تسلی بھی دی۔