Thursday, September 19, 2024

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لئے قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہو گا

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لئے قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہو گا
August 14, 2018
اسلام آبا د( 92 نیوز) اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لئے قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہو گا  جبکہ خیبر پختونخوا اور سندھ اسمبلی میں بھی اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا چناؤ آج کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی کے اجلا س میں کسٹوڈین آف دی ہاؤس  اسپیکر اور ڈپٹی اسیپکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا ، اسپیکر کے لئے پی ٹی آئی کے نامزد اُمیدوار اسد قیصر  اور اپوزیشن کے  نامزد اُمیدوار خورشید شاہ  میدان میں ہیں  جب کہ ڈپٹی اسپیکر کے لئے تحریک انصاف کے قاسم سوری  اور اپوزیشن کے اسد محمود مقابل ہیں ۔ واضح رہے کہ  اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا ۔ موجودہ اسپیکر ایاز صادق  قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کریں گے ،ہر ووٹر کو بیلٹ پیپر سیکرٹری اسمبلی کی طرف سے جاری ہوگا امیدوار اپنے دو دو پولنگ ایجنٹوں کے نام اسپیکر کو دے سکیں گے۔ امیدواروں اور پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی ہوگی  ،کامیاب اسپیکر سے سبکدوش ہونے والے اسپیکر ایاز صادق حلف لیں گے  جس کے بعد نو منتخب اسپیکر اسی طریقہ کار کے تحت ڈپٹی ا سپیکر کا انتخاب کروائے گا۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لئے سندھ اسمبلی کا اجلاس بھی آج ہو گا  ، سندھ اسمبلی میں اسپیکر کے لئے  پیپلزپارٹی کے آغا سراج درانی اورمتحدہ اپوزیشن کے نامزد اُمیدوار جاوید حنیف جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لئے پاکستان پیپلزپارٹی کی ریحانہ لغاری اور متحدہ اپوزیشن کی نامزد اُمیدوار  رابعہ اظفر کے درمیان جوڑ پڑے گا ۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب  کیلئے خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس  بھی آج ہی ہوگا  ، پی ٹی آئی کی جانب سے اسپیکر کیلئے مشتاق غنی اور اپوزیشن کے لائق محمد خان کے درمیان جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے  لئے   پی ٹی آئی کے محمود خان اور اپوزیشن کے جمشید مہمند کے درمیان مقابلہ ہو گا ۔ دوسری طرف نئی منتخب پنجاب اسمبلی کا پہلا اجلاس  آج ہو گا  ، نو منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے  جبکہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لئے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس سولہ اگست کو ہو گا  ۔