Friday, April 19, 2024

اسپین کے طبی عملے کی پوری دنیا سے گھروں میں رہنے کی اپیل

اسپین کے طبی عملے کی پوری دنیا سے گھروں میں رہنے کی اپیل
March 24, 2020
میڈرڈ ( 92 نیوز) اسپین میں کورونا کی وجہ سے صورتحال انتہائی سنگین ہوچکی ہے ، قبرستانوں میں جگہ ختم ہوگئی ہے ، طبی عملہ دن رات ایک کیے ہوئے ہے ، اپنی ہمت ٹوٹنے سے قبل انہوں نے پوری دنیا سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی،  کہا کہ  لوگ لاک ڈاؤن کا احترام کرکے ان کی مدد کرسکتے ہیں۔ اسپین کے طبی عملے کا کہنا ہے کہ  ہم اپنی زندگیوں کے سب سے بڑی طبی بحران سے دوچار ہیں ، گھر پر رہیں۔یہ نازک وقت ہے، ہم کوئی ریہرسل نہیں کر رہے، آپ کو وبا سے بچنے کا ایک ہی موقع ملے گا ، گھر پر رہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ  ہماری ذمہ داری ادا کرنے میں آپ ہماری مدد کر سکتے ہیں ، خدارا گھر پر رہیں ، ہم سب کے پاس ایک راستہ ہے، اگر آپ گھر پر رہنے کا انتخاب کریں گے، تو زندگیاں بچائیں گے ، خدارا گھر پر رہیں۔ ویڈیو پیغام میں طبی عملے کا کہنا تھا کہ  ہمیں سب سے بڑے چیلنج کا سامنا ہے، ہم خوفزدہ ہیں، ہماری مدد کیجئے ، برائے مہربانی گھر پر رہیں۔ہم جانتے ہیں  وبا ہمارے  بچوں کے سر پر بھی موجود ہے اور آپ کے بچوں کے سر پر بھی، بچوں کو گھر پر رکھیں اور خود بھی گھر پر ہی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ  ڈاکٹر اور نرسیں کورونا وائرس سے مر رہے ہیں، ہمیں صحت مند رہنا ہے، تاکہ ہم آپ کی مدد کر سکیں ، آپ ہماری زندگیاں بچا سکتے ہیں ،گھر پر رہیں۔ہزاروں لوگ اس وبا سے مر سکتے ہیں، ممکنہ تعداد کو کم کرنے میں ہماری مدد کریں۔ اپنا کردار ادا کریں، کسی کی زندگی بچائیں ،گھر پر رہیں۔ ویڈیو کے اختتام پر ایک ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ  آپ نے میرے ساتھیوں کی بات سنی ، عالمی وبا ایک بحران ہے، خدارا گھر پر رہیں ،ہم آپ کی منت کرتے ہیں۔