Thursday, April 25, 2024

اسپین میں ایک ہفتے سے جاری بل رننگ فیسٹیول اختتام پذیر

اسپین میں ایک ہفتے سے جاری بل رننگ فیسٹیول اختتام پذیر
July 15, 2019
میڈرڈ ( 92 نیوز) اسپین میں ایک ہفتے سے جاری بل رننگ فیسٹیول اختتام پذیر ہوگیا، آخری روز بپھرے بیلوں کی دوڑ نے مزید تین افراد کو زخمی کردیا۔ اسپین کے شہر پامپلونا میں سین فرمِن بُل رننگ فیسٹیول کے  آخری روز صبح ہوتے ہیں 12 بیلوں کو باڑے سے چھوڑا گیا، جو اندھا دھند بھاگتے گلیوں میں نکل آئے۔ ریس میں سیکڑوں افراد نے سفید اور سرخ کپڑے پہن کر شرکت کی، جو بپھرے بیلوں کے آگے خود کو بچاتے بھاگتے رہے۔ آٹھ سو پچھہتر میٹر طویل ریس صرف دو منٹ پنتالیس سیکنڈز میں اختتام پذیر ہوئی، جس کے دوران دو آسٹریلوی شہریوں سمیت تین افراد بیلوں کے غضب کا نشانہ بنے۔ اس ریس کو جانوروں کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے، رواں برس اس میں آٹھ افراد بیلوں کے سینگوں کا نشانہ بن کر زخمی ہوئے ہیں۔