Friday, May 17, 2024

اسپیشل میڈیکل بورڈ کی نوازشریف کے علاج کی سفارشات 92 نیوز کو موصول

اسپیشل میڈیکل بورڈ کی نوازشریف کے علاج کی سفارشات 92 نیوز کو موصول
February 8, 2019
 لاہور (92 نیوز) اسپیشل میڈیکل بورڈ کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ نوازشریف کے علاج کی سفارشات 92 نیوز نے حاصل کر لیں۔ نواز شریف دل کے مریض ہیں۔ کوٹ لکھپت جیل کے قیدی نوازشریف کو دل تھام کے رکھنا پڑے گا۔ اسپیشل میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے تھیلیم اسکین ٹیسٹ میں انجائنا کا مسئلہ سامنے آیا تھا۔ بورڈ نےقرار دیا کہ نوازشریف کو ہمہ وقت ماہر امراض قلب کی ضرورت ہے۔ بورڈ نے سفارش کی کہ انہیں ایسے ادارے میں شفٹ کیا جائے جہاں عارضہ قلب سے متعلق تمام طبی سہولتیں بروقت میسر آسکیں۔ ماضی کی ہسٹری اور موجودہ طبی معائنوں کی رپورٹس مد نظر رکھی جائیں۔ بورڈ کی سفارشات کے مطابق نوازشریف کی موجودہ صورتحال ان کے پہلے معالج سے بھی ڈسکس کی جا سکتی ہے۔ بورڈ کے مطابق نواز شریف کی کچھ ادویات تبدیل ، کچھ کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نواز شریف کا بلڈ پریشر اور شوگر لیول کنٹرول ہے تاہم بلڈ پریشر اور شوگر کے باقاعدہ چارٹ بنائے جائیں۔ اسپیشل میڈیکل بورڈ نے سفارش کی تھی کہ  نواز شریف کو کم نمک ، کم چکنائی ، کم پروٹین والی غذا استعمال کرنی چاہئے۔ بورڈ کی سفارشات محکمہ داخلہ کو بھجوائی گئی تھیں جس کے بعد نواز شریف کو پی آئی سی منتقل کرنے کی تجویز دی گئی تھی مگر نواز شریف نے پی آئی سی جانے سے انکار کر دیا تھا جس پر انکو واپس جیل منتقل کیا گیا۔