Wednesday, April 24, 2024

اسپاٹ فکسنگ کے شبہات، پی سی بی نے عمر اکمل کو معطل کر دیا

اسپاٹ فکسنگ کے شبہات، پی سی بی نے عمر اکمل کو معطل کر دیا
February 21, 2020
 کراچی (92 نیوز) اسپاٹ فکسنگ کے شبہات پر پی سی بی نے عمر اکمل کو معطل کر دیا۔ تحقیقات مکمل ہونے تک کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے۔ عمر اکمل نئے تنازعے کا شکار ہو گئے۔ پی سی بی نے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت عمر اکمل کو معطل کر دیا۔ اینٹی کرپشن یونٹ نے مشکوک شخص سے پوچھ گچھ کے بعد عمر اکمل سے تحقیقات کیں۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل فائیو کے افتتاحی میچ میں اسپاٹ فکسنگ کی ڈیل ہو رہی تھی۔ عمر اکمل نے میچ فکسڈ کر لیا تھا۔ کرکٹ بورڈ کے پاس عمر اکمل اور فیصل نامی بکی کے درمیان ڈیل کے شواہد تھے۔ ڈیل سے عمر اکمل کو کروڑوں روپے ملنا تھے۔ پی سی بی نے عمر اکمل پر کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ لینے پر پابندی بھی عائد کر دی ۔ سینیٹر فیصل جاوید نے عمر اکمل کو معطل کئے جانے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔ اپنے بیان میں انکا کہنا تھا کہ پی سی بی نے پی ایس ایل کو نقصان سے بچا لیا۔ معاملے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئے۔ پابندی کے بعد عمر کراچی سے واپس لاہور روانہ ہو گئے۔ کوئٹہ گلیڈیٹرز کی ٹیم  میں عمر اکمل کی جگہ انور علی کو شامل کیا گیا ہے۔