Thursday, September 19, 2024

اسٹیٹ بینک کو تاحال راؤ انوار کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کے احکامات نہ مل سکے

اسٹیٹ بینک کو تاحال راؤ انوار کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کے احکامات نہ مل سکے
February 20, 2018

کراچی ( 92 نیوز ) وزارت داخلہ کی جانب سے اسٹیٹ بینک کو ابھی تک راؤ انوار کے بینک اکاؤنٹ منجمد کرنے کے احکامات نہ مل سکے ۔

وفاقی اور صوبائی حکومت کے نقیب قتل کیس میں دعوے ٹھس ہوتے دکھائی دے رہے ہیں ، وزارت داخلہ کی جانب سے اسٹیٹ بینک کو ابھی تک راؤ انوار کے بینک اکاؤنٹ منجمد کرنے کے احکامات نہ مل سکے،محکمہ داخلہ، آئی جی اور دیگر نے سندھ ہائیکورٹ سے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی،، عدالت نے 30 مارچ تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم    دے دیا۔

سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے اکاؤنٹس منجمد نہیں کئے جا سکے ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو سپریم کورٹ یا وزارت داخلہ کی جانب سے سرکاری حکم نامے کا انتظار ہے ، جس کےبعد ہی اکاؤنٹس منجمد کرنے کے لئے کارروائی شروع ہوسکے گی۔

ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بنک کو راؤ انوارکے اکاونٹ منجمد کرنے کے لئے  سپریم کورٹ  یا وزارت داخلہ کی جانب سے احکامات اب تک موصول نہیں ہوئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک وزارت داخلہ یا سپریم کورٹ کا خط ملنے کے بعد ہی راو انوار کے بینک اکاؤنٹ منجمد کر سکتا ہے۔

سپریم کورٹ نے  عدالت میں پیش نہ ہونے پر راؤ  انوار کے بینک اکاونٹ منجمد کرنے کاحکم دیاتھا۔ دوسری جانب راؤ انوار اور ان کے ساتھیوں کے رابطہ کاروں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے ۔ راوانوارکے قریبی ساتھی سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت کےمحافظ گڈو کوحراست میں لے لیاگیاہے ، ذرائع کےمطابق  گڈوسے تفتیش کی جارہی ہےکہ امان اللہ مروت کہاں روپوش ہے۔