Saturday, April 20, 2024

اسٹیل ملز کے 9 ہزار 350 ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ

اسٹیل ملز کے 9 ہزار 350 ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ
June 3, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) اسٹیل ملز کے 9 ہزار 350 ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دیا جائے گا۔ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیئے گئے۔ ای سی سی نے اسٹیل ملز کے تمام ملازمین کو فارغ کرنے کی منظوری دے دی۔ مل کے نو ہزار تین سو پچاس ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دے کر ایک ماہ کے نوٹس پر فارغ کیا جائے گا جس کیلئے اٹھارہ ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ فارغ کیے جانے والے فی ملازم کو کم و بیش 23 لاکھ معاوضہ دیا جاۓ گا۔ ڈھائی سو ملازمین کو پلان پر عمل درآمد کیلئے تین ماہ تک کام کرتے رہیں گے۔ ای سی سی نے مختلف محکموں کی سپلیمنٹری گرانٹس کی بھی منظوری دیدی۔ ای سی سی نے مشرف دور میں سیاستدانوں کے بیرون ملک اثاثے ڈھونڈنے والی کمپنی کو ساڑھے چار ارب روپے ادائیگی کی منظوری دے دی۔ ویسٹرن بارڈر مینجمنٹ کیلئے 8 ارب 84 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ منظور کی گئی جو سول آرمڈ فورسز کی استعداد کار بہتر بنانے پر خرچ کی جائے گی۔ ای سی سی میں ایف بی آر کیلئے 20 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔