Tuesday, April 30, 2024

اسٹیل ملز کی بحالی کیلئے ایک ارب ڈالرکی ضرورت ہے : مرتضیٰ جتوئی

اسٹیل ملز کی بحالی کیلئے ایک ارب ڈالرکی ضرورت ہے : مرتضیٰ جتوئی
October 16, 2015
اسلام آباد(92نیوز)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مرتضیٰ جتوئی نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے ایک ارب ڈالر درکار ہیں،پیپلزپارٹی کے بعد نون لیگ بھی اسٹیل مل کو چلانے میں ناکام ہوگئی ہےجبکہ سندھ حکومت نے اسٹیل مل کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ تفصیلات کےمطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی صنعت و پیداوار کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز مکمل طور پر بدحالی کا شکار ہوچکی ہے۔ جمہوری حکومتیں اسٹیل مل کی تباہی کی ذمہ دار ہیں۔ پیپلزپارٹی کے دور میں اسٹیل مل کا کباڑہ کردیا گیا جب کہ موجودہ حکومت بھی پاکستان اسٹیل مل کو چلانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ اسٹیل مل کی بہتری کے لیے حکومت 18 ارب 50 کروڑ کا بیل آوٹ جاری کرچکی ہے تاہم اسٹیل مل کی مکمل بحالی کے لیے ایک ارب ڈالر درکار ہیں۔ اسٹیل مل کے ملازمین کو ہر ماہ 50 کروڑ روپے کی تنخواہیں جاری کی جاتی ہیں ۔ان کا کہناتھاکہ چائنااسٹیل 45سوملازمین کےساتھ 30لاکھ ٹن پیداواردےرہی ہے جب کہ پاکستان اسٹیل ملز 15 ہزار ملازمین کے ساتھ صرف 10 لاکھ ٹن پیداوار دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کی دو کمپنیوں نے پاکستان اسٹیل ملز کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے تاہم سندھ حکومت نے سب سے زیادہ دلچسپی ظاہر کی ہے، پاکستان اسٹیل ملزنجکاری میں سندھ کو ترجیح دے گی۔