Saturday, April 20, 2024

اسٹیج ڈراموں میں میوزیکل پیروڈیز سے خوشیاں بکھیرنے والے ببوبرال کو بچھڑے 9 برس بیت گئے

اسٹیج ڈراموں میں میوزیکل پیروڈیز سے خوشیاں بکھیرنے والے ببوبرال کو بچھڑے 9 برس بیت گئے
April 17, 2020
 لاہور (92 نیوز) اسٹیج ڈراموں میں برجستہ جملوں اور میوزیکل پیروڈیز کے ذریعے خوشیاں بکھیرنے والے نامور اداکار ببوبرال کو بچھڑے 9 برس بیت گئے۔ ایوب اخترالمعروف ببوبرال نے تین عشروں پر محیط کیرئیر میں سیکڑوں اسٹیج ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اپنی مسحورکن شخصیت  منفرد انداز اور جاندار اداکاری سے ببو برال آج بھی فن کے شائقین کے دلوں پر راج کرتے ہیں۔ گوجرانوالا کی مردم خیز دھرتی نے 1959ء میں ایک ایسے سپوت کو جنم دیا جس نے 80ء اور 90ء کی دہائی میں مزاحیہ اداکاری کے میدان میں اپنا سکہ جما لیا ۔ ایوب اختر کو دُنیا ببو برال کے نام سے جانتی ہے۔ فنی کیریئر کے آغاز میں ببوبرال نے معروف ہالی ووڈ کامیڈینز کی نقالی کی۔ گوجرانوالا کے تھیٹر میں اسٹیج ڈرامے ’’بھکھے ہتھ بٹیرے‘‘  میں پہلی بار اداکاری کے جوہر دکھائے۔ مرحوم فخری احمد ان کی پرفارمنس سے متاثر ہو کر انہیں 1984ء میں لاہور لے آئے ۔  ببوبرال 3 برس ثقافتی طائفے کے ہمراہ امریکہ بھی رہے ۔ انہوں نے شرطیہ مٹھے ،ٹوپی ڈرامہ، کچھ نہ کہو جیسے شاہکار مزاحیہ اسٹیج ڈراموں میں پرفارم کیا۔ ببوبرال نے 20 سے زائد فلموں میں بھی کام کیا جبکہ وہ فنِ موسیقی میں بھی طاق تھے ۔  انہوں نے ایک البم ’’بیٹا ‘‘کے نام سے بنائی ۔ 30 برس شہرت کے آسمان پر چمکنے والا یہ درخشاں ستارہ کینسر، جگر اور گردوں کا عارضے کے ہاتھوں گہنا لر 16 اپریل 2011 کو دنیا سے رخصت ہو گیا لیکن چاہنے والوں کے لیے اپنے ڈائیلاگز کی صورت میں سنہری یادیں چھوڑ گیا۔