Tuesday, April 23, 2024

اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے قریبی ساتھیوں سے رابطے کیے گئے، مریم نواز

اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے قریبی ساتھیوں سے رابطے کیے گئے، مریم نواز
November 12, 2020
گلگت (92 نیوز) مریم نواز نے بی بی سی کو انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے قریبی ساتھیوں سے رابطے کیے گئے ہیں۔ کہا فوج سے بات ہوسکتی ہے، لیکن عوام کے سامنے، چھپ چھپا کر نہیں۔ ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ بات چیت تحریکِ انصاف کی حکومت گھر بھیجنے کی شرط پر ہوگی، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مذاکرات کے آغاز پر غور کیا جاسکتا ہے۔ مریم نواز بولیں کہ فوج میرا ادارہ ہے، ہم ضرور بات کریں گے، لیکن آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے، یہ بند گلی نہیں ہے، اب یہی راستہ ہے، اور یہ راستہ آئین و قانون کی بالادستی کی جانب جا رہا ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ آئی جی سندھ کے معاملے پر فوج کی پریس ریلیز سے جواب نہیں ملے، بلکہ مزید سوالات کھڑے ہوئے ہیں۔ اس سے قبل گلگت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ سینٹ الیکشن سے پہلے حکومت گھر چلی جائے گی، انتخابات ہونگے۔ عوام اب دھاندلی زدہ حکومت کو چلنے نہیں دینگے۔ گلگت بلتستان میں نتائج مختلف ہونگے۔ الیکشن 2018ء میں مطلوبہ نتائج نہیں ملے تھے لیکن اڑھائی سال بعد وہ نتائج مل گئے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی واقعہ پر رپورٹ غیر تسلی بخش اور اسے مسترد کرتے ہیں، مزید کہا کہ پی ڈی ایم کے ساتھ رسپانس بتا رہا کہ عوام جعلی، نالائق حکومت کے خلاف ہیں۔