Thursday, May 2, 2024

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ملازمین کیلئے گاڑیاں ہوا سےبھی سستی

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ملازمین کیلئے گاڑیاں ہوا سےبھی سستی
September 16, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ملازمین چند روپوں کے ٹوکن پر جیپ سمیت اے سی گاڑیاں لے کر بچوں کو سیروتفریح کرا سکتے ہیں، سرکاری کار کے لئے صرف تین روپے ٹوکن منی دینا ہوگی، 92 نیوز نے کابینہ ڈویژن کے قواعد سے متعلق انتہائی دلچسپ دستاویز حاصل کر لیں۔ سرکاری گاڑیاں سرکاری ملازمین کے لئے ہوا سے بھی سستی ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، تین روپے میں کار، چار روپے میں جیپ، 12 روپے میں وین، 40 روپے میں بس اورٹرک بھی دستیاب ہیں ۔ سرکاری ملازمین کے سرکاری گاڑی لینے کے کابینہ ڈویژن کے انتہائی دلچسپ رولز کے تحت افسران سرکاری گاڑیوں کو صرف ٹوکن منی دیکر ذاتی استعمال میں لاسکتے ہیں۔ سرکاری دستاویز کے مطابق ملازمین کو سرکاری کار کے لئے صرف 3 روپے ٹوکن منی دینا پڑتی ہے۔ افسران 4 روپے دیکر سرکاری جیپ میں بچوں کو سیر کراسکتے ہیں ، اہل خانہ کو گھمانے کے لئے سرکاری وین صرف 12 روپے میں ملتی ہے ، اے سی کوسٹر کے لئے صرف 20  جبکہ بس اور ٹرک کے لئے 40 روپے ٹوکن منی دینا ہوگی۔ مزے کی بات ہے ان رولز میں یہ کہیں نہیں لکھا ہوا کہ یہ فی کلومیٹر یا فی گھنٹہ کے حساب سے دستیاب ہیں تاہم اگر فی کلومیٹر بھی تین روپے کرایہ ہو تو سرکاری گاڑی میں لاہور آنا جانا پندرہ سو روپے میں ہو سکتا تھا جبکہ کوسٹر مری لے جائیں تو چار افراد کے کرایہ میں ہی تیس افراد سفر کر سکتے ہیں۔