Friday, March 29, 2024

اسٹنٹس کی رجسٹریشن، عدالت کا سمری 10روز میں منظور کرنے کا حکم

اسٹنٹس کی رجسٹریشن، عدالت کا سمری 10روز میں منظور کرنے کا حکم
March 2, 2017

اسلام آباد (92نیوز) سپریم کورٹ میں غیرمعیاری اسٹنٹس کے استعمال سے متعلق ازخود نوٹس کیس ہوئی۔ عدالت نے کنفرمیٹری اسسمنٹ بورڈ کی سمری کو دس دن میں منظور کرنے کی ہدایت کردی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو میز پر بٹھا کر اسٹنٹ رجسٹریشن کے معاملے کا حل نکالا جائے۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران اسٹنٹس کی خرید و فروخت سے متعلق لائسنس جاری کرنے والی باڈی کیب کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ غیرمعیاری اسٹنٹس کے حوالے سے ایک سمری منظوری کے لئے وزیراعظم کو ارسال کر رکھی ہے تاہم ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

سپریم کورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری کو وقفے کے بعد عدالت پیش ہونے کا حکم دیا۔ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نے عدالت پیش ہوکر بتایا کہ وزیراعظم آفس کو آج صبح تک کوئی سمری موصول نہیں ہوئی۔

وزیراعظم کی ہمیں ہدایت ہے کہ صحت سے متعلق کوئی سمری آئے تو اسے ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ وزیراعظم کے ان خیالات کو عدالت سراہتی ہے، آپ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک ٹیبل پر بٹھا کر اسٹنٹ رجسٹریشن کے معاملے کا حل نکالیں وزیراعظم کو اس حوالے سے اعتماد میں لیا جائے اور قانون میں تبدیلی کی ضرورت پڑتی ہے تو وہ بھی کی جائے۔

وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری نے عدالت کے دیے گئے وقت کے اندر اس معاملے کو حل نکالنے کی یقین دہانی کرائی۔ چیف جسٹس نے کنفرمیٹری اسسمنٹ بورڈ کی سمری کو دس دن میں منظور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 16 مارچ تک ملتوی کردی۔