Friday, May 10, 2024

اسٹریٹ کریمنلز بے لگام اور کراچی پولیس بے بس ہو گئی

اسٹریٹ کریمنلز بے لگام اور کراچی پولیس بے بس ہو گئی
October 6, 2019
کراچی (92 نیوز) گرفتاری کا ڈر نہ موت کا خوف، اسٹریٹ کریمنلز بے لگام ہو گئے ، جب چاہیں،جہاں چاہیں، جسے چاہیں ، با آسانی کارروائی کرکے فرار ہوجاتے ہیں، شہریوں کی جان محفوظ ہے نہ مال، زندگی خوف میں جکڑ گئی لیکن پولیس کچھ نہ کرسکی۔ کراچی میں اسٹریٹ کریمنلز بے لگام ہو گئے  ، شہری اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں دن دیہاڑے اپنی زندگیوں اور قیمتی سامان سے محروم ہونے لگے ۔ گلشن اقبال میں اسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران قتل ہونے والی طالبہ مصباح اطہر اور اسٹریٹ کرائم بڑھتی وارداتوں کے خلاف پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان اورممبر سندھ اسمبلی ارسلان تاج  کی قیادت میں احتجاج کیا گیا ۔ عالمگیر خان اور ارسلان تاج نے احتجاج  کے دوران سندھ حکومت اور پولیس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا کہا شہرمیں جرائم بڑھ رہےہیں  مگرسندھ سرکار خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ ادھر سرجانی ٹاؤن  اور اطراف کے علاقوں میں بھی لوٹ مار اور ڈکیتی بڑھتی وارداتوں سے وہاں رہنے والے اذیت کا شکارہیں۔کہتے ہیں پولیس مدد نہیں کرتی ملزمان دنددناتے پھرتے ہیں۔ پولیس کی کارکردگی سے شہریوں کا مایوسی کا اظہار سولجر بازار میں بھی دیکھنے میں آیا  جب ایک نہتا شخص اپنی دکان کی حفاظت کیلئے  ڈکیتوں کے سامنے ڈٹ گیا اور ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی ۔ نائینٹی ٹو نیوز کو حاصل واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان  کے چہرے بھی واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں ۔