Friday, April 19, 2024

اسٹاک مارکیٹ 41 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گئی

اسٹاک مارکیٹ 41 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گئی
October 29, 2018
کراچی ( 92 نیوز) وفاقی حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کے باعث    اسٹاک مارکیٹ میں   تیزی کا سلسلہ جاری ہے ، ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ 41 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گئی، درآمدی ادائیگیوں کے باعث انٹر بینک میں ڈالر 16 پیسے مہنگا ہوگیا، سونا فی تولہ 100 روپے کمی سے   انسٹھ ہزار چھ سو روپے پر فروخت  ہوا۔ وفاقی حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیاں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا سبب بن رہی ہیں ۔ اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے  کا مثبت آغاز ہوا ۔ پہلے ہی دن  اسٹاک مارکیٹ 845 پوائنٹس اضافے سے  41 ہزار 453 پوائنٹس پر بند ہوئی۔ حصص کی مالیت  میں ڈیڑھ سو ارب روپے کا اضافہ  ہوا ،  پاکستان اسٹاک مارکیٹ ڈیڑھ ماہ کی بلند ترین  سطح پر بند ہوئی  جبکہ کاروباری حجم 17 ماہ کی بلند ترین سطح پر آ گیا۔ دوسری جانب کارباری دن کے پہلے روز روپیہ دباو کا شکار رہا ، درآمدی ادائیگیوں کے لئے ڈالر کی مانگ بڑھی جس سے انٹر بینک میں ڈالر 16 پیسے مہنگا ہوا گیا۔ ڈالر 132 روپے 61 پیسے پر  بند ہوا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 80 پیسے مہنگا ہو کر  132 روپے 60 پیسے کا ہو گیا۔ صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کا سلسلہ بھی جاری ہے ، سونا 100 روپے کی کمی سے 59 ہزار 600 روپے کی سطح پر آ گیا۔