Friday, April 19, 2024

اسٹاک ایکسچینج کا ہفتہ مندی کی نذر ہو گیا

اسٹاک ایکسچینج کا ہفتہ مندی کی نذر ہو گیا
August 31, 2019
کراچی ( 92 نیوز ) اسٹاک ایکسچینج میں ایک اور ہفتہ مندی کی نذر ہوگیا، ہنڈرڈ انڈیکس1678 پوائنٹس کمی کے بعد 29 ہزار 672 کی سطح پر آگیا، انٹربینک میں ڈالر 67 پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 70 پیسے سستا ہوا، ایک تولہ سونا 550 روپے سستا ہو کر 88 ہزار کی سطح پر آ گیا۔ پاکستان اسٹاک ایکس چینج کا  اگست کا آخری ہفتہ بھی  مندی کی لپیٹ میں رہا،ہفتہ وار کاروبار کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں1678پوائنٹس کی مندی ہوئی، ہنڈرڈ انڈیکس کی 31 ہزار اور 30 ہزار کی نفسیاتی حدیں گرگئیں،انڈیکس 31350 سے گرکر29672 کی سطح پر بند ہوا، اسٹاک مارکیٹ میں ہفتے بھر کے دوران61 کروڑ 76 لاکھ سے زائد حصص کے سودے ہوئے، ہفتہ وار کاروبار میں23 ارب 25 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے حصص کا لین دین ہوا،سرمایہ کاروں کے 256 ارب روپے ڈوب گئے،مارکیٹ کا حجم 6339 ارب سے گھٹ کر6082 ارب روپے پر آگیا۔ انٹر بینک میں ایک ہفتے کے دوران ڈالر 67 پیسے سستا ہوا،قیمت 157.52 سے کم ہوکر157.20 روپے پر آگئی، اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 70 پیسے سستا ہوا، قیمت 157.90 سے کم ہوکر 157.20 روپے ہوگئی۔ صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی، ہفتے کے دوران فی تولہ سونا 550 روپے سستا ہوکر88ہزار روپے پرآگیا،10گرام سونا 215 روپے کمی کے بعد 76 ہزار 132 روپے میں فروخت کیا گیا۔