Thursday, April 18, 2024

اسموگ میں کمی کیلئے حکومت کا فیکٹریاں بند کرنے کا فیصلہ

اسموگ میں کمی کیلئے حکومت کا فیکٹریاں بند کرنے کا فیصلہ
November 28, 2019
 لاہور (92 نیوز) اسموگ میں کمی کیلئے حکومت نے فیکٹریاں بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، قصور اور شیخوپورہ میں فیکٹریاں 20 دسمبر تک بند رہیں گی۔ پنجاب حکومت نے محکمہ ماحولیات اور ضلعی انتظامیہ کو عملدرآمد کروانے کی ہدایت کر دی۔ قبل ازیں اسموگ سے صورتحال گھمبیر ہو گئی تھی۔ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ ، قصوراور گردونواح میں شدید اسموگ چھائی ہوئی تھی۔ فضائی آلودگی سے صحت کے علاوہ بچوں کی تعلیم بھی متاثر ہونے لگی تھی۔ لاہور میں اسموگ چھائی رہی جبکہ فضائی آلودگی بھی بڑھ گئی ۔ ماحولیاتی آلودگی سے تحفظ کیلئے محکمہ ماحولیات درست سمت میں بہتر اقدامات کرنے میں ناکام رہا ۔ لاہور اسموگ اورفضائی آلودگی کے حوالے سے لاہور دوسرے نمبر پر آ گیا تھا۔ ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کا اوسطاً ائیر کوالٹی انڈیکس 322 ریکارڈ کیا گیا تھا۔ سب سے زیادہ گلبرگ کے علاقے میں فضائی آلودگی کی شرح 453 ریکارڈ کی گئی تھی ، شملہ پہاڑی 402 ،پنجاب اسمبلی کا اے کیو آئی 384 ریکارڈ کیا گیا تھا ، سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کا 380 ، اپر مال اورگردونواح کا 334 ریکارڈ کیا گیا تھا۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ فضا میں زہریلے مادوں کی وجہ سے سانس اور گلے کی بیماریاں پھیلنے کا خطرہ ہے، عوام فضائی آلودگی سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنائیں، غیر ضروری گھروں سے باہر نہ جائیں ،گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک یا رومال کا استعمال لازمی بنائیں۔