Saturday, April 20, 2024

اسماعیلی برادری کی بس پر حملہ پاکستان پر دھبہ ہے،وزیر اعظم نے کراچی کو امن کا گہوارہ بنانےکی ٹھان لی ہے:حمزہ شہباز

اسماعیلی برادری کی بس پر حملہ پاکستان پر دھبہ ہے،وزیر اعظم نے کراچی کو امن کا گہوارہ بنانےکی ٹھان لی ہے:حمزہ شہباز
May 15, 2015
لاہور(ویب ڈٰیسک)سانحہ جوزف کالونی کے متاثرین میں سات کروڑ پچھتر لاکھ روپے کے چیک تقسیم کر دئیے گئےحمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کراچی میں اسماعیلی برادری کی بس پر حملہ پاکستان پر دھبہ ہے،نواز شریف نے کراچی کو امن کا گہوارہ بنانے کی ٹھان لی ہےکسی کو ان کے راستے میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز شریف وفاقی وزارت مذہبی امور کے زیرانتظام سانحہ جوزف کالونی کے متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں مہمان خصوسی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہبازکا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے خلاف کارروائیاں ملک دشمنوں کی سازش ہے جسے سب کو مل کر ناکا م بنانا ہو گا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ سانحہ جوزف کالونی اور یوحناآباد کے سانحات کے بعد کراچی میں بس پر وحشیانہ حملہ قابل مذمت اور ملک دشمنوں کا ایجنڈا ہے۔ پاکستان میں مسلم مسیحی تعلقات ہمالیہ سے بلند ہیں غلط فہمیاں پیدا کرنے والے مٹھی بھر عناصر کو جیلوں میں ڈالا جانا چاہیے۔ تقریب کے شرکاءسے وفاقی سیکرٹری عامر سہیل، صدیق الفاروق، بشپ سبیسٹین شاءنے بھی خطاب کیا جبکہ آخر میں متاثرین میں پانچ لاکھ روپے فی خاندان ایک سو پچپن چیک تقسیم کئے گئے۔