Friday, March 29, 2024

اسلامی نظریاتی کونسل کی بیک وقت تین طلاقوں پر سزا کی تجویز

اسلامی نظریاتی کونسل کی بیک وقت تین طلاقوں پر سزا کی تجویز
September 22, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے تین طلاقوں پر سزا تجویز کئے جانے کے عمل کو علمائے کرام نے سراہتے ہوئے اسے وقت کی ضرورت قرار دیا ہے، علامہ راغب نعیمی کا کہنا ہے کہ سزا تجویز کرنے کا مطلب شوہر کو اس کے حق سے محروم کرنا نہیں، مفتی فاروق القادری کہتے ہیں کہ تین طلاقوں پر سزا تجویز کرنا بہترین اقدام ہے ۔ اسلامی نظریاتی کونسل نے تین طلاقیں اکٹھی دینے پر سزا تجویز کرنے کے لئے اجلاس طلب کر لیا ہے، علمائے کرام نے اسلامی نظریاتی کونسل کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے معاشرے کے لئے سودمند قرار دیا ہے۔ جامعہ نعیمہ لاہور کے ناظم اعلیٰ معروف عالم دین علامہ راغب نعیمی کہتے ہیں کہ تین طلاقیں اکٹھی دینے کو ناپسند کیا گیا ہے، اس پر سزا تجویز کرنے کا مطلب شوہر کو اس کے حق سے  محروم کرنا نہیں بلکہ مشکلات کو کم کرنا ہے ۔ مفتی فاروق القادری نے کہا کہ تین طلاقیں اکٹھی دینا نہ صرف حرام اور گناہ ہے بلکہ معاشرے کی بربادی کا باعث ہے، اس قبیح عمل پر سزا تجویز کرنا بہترین اقدام اور وقت کی ضرورت ہے۔ مفتی فاروق القادری کا کہنا تھا کہ تین طلاقیں اکٹھی دینے سے نہ صرف بچوں کی زندگی تباہ ہوجاتی ہے بلکہ عمر بھر کا پچھتاوا بھی رہ جاتا ہے۔