Saturday, April 20, 2024

اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس‘ مولانا شیرانی اور طاہر اشرفی باہم دست و گریباں

اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس‘ مولانا شیرانی اور طاہر اشرفی باہم دست و گریباں
December 29, 2015
لاہور (92نیوز) اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانا محمد خان شیرانی اور علامہ طاہر اشرفی میں جھڑپ ہو گئی۔ ایک دوسرے پر نازیبا زبان استعمال کرنے اور گریبان پکڑنے کے الزامات لگا دیے۔ طاہر اشرفی کہتے ہیں شیرانی صاحب نے انہیں مارنے کےلئے پہلے غنڈے بھی بھیجے جبکہ مولانا شیرانی نے الزامات مسترد کرتے ہوئے طاہر اشرفی پر پہلے بدمزگی پیدا کرنے‘ لڑائی جھگڑا کرنے اور مسلسل نازیبا زبان استعمال کرنے کا الزام لگایا۔ تفصیلات کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کا اہم اجلاس آج ہوا۔ اجلاس کے دوران صورتحال اس وقت اچانک خراب ہو گئی جب مولانا طاہر اشرفی نے اجلاس کے ایجنڈے پر اعتراضات اٹھا دیے اور باہر جانے کی کوشش کی۔ اس دوران دونوں مذہبی رہنماوں میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ طاہر اشرفی نے الزام لگایا کہ مولانا شیرانی نے ان کا گریبان پکڑا اور سخت جملے ادا کئے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں طا ہر اشرفی مولانا شیرانی پر خوب گرجے برسے اور چیئرمین کی برطرفی کا مطالبہ کر دیا۔ دوسری جانب مولانا شیرانی نے بتایا کہ طاہر اشرفی نے اجلاس میں بدمزگی پیدا کی۔ وہ مسلسل نازیبا زبان استعمال کرتے رہے۔ اس دوران طاہر اشرفی نے اجلاس کا ماحول خراب کر دیا اور دھمکیاں بھی دیں۔ تصادم کے باعث اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔