Friday, April 26, 2024

اسلامی نظریاتی کونسل بیک وقت 3طلاقوں کی سزا کا تعین نہ کر سکی

اسلامی نظریاتی کونسل بیک وقت 3طلاقوں  کی سزا کا تعین نہ کر سکی
September 26, 2018
اسلام آباد  ( 92 نیوز)اسلامی نظریاتی کونسل بیک وقت تین طلاقوں کے معاملہ پر سزا کا تعین نہ کرسکی، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین  ڈاکٹر قبلہ ایاز کہتے ہیں بیک وقت تین طلاقوں کا معاملہ بڑا مسئلہ بن چکا ہے ،اس پر سزا کا تعین علما سے مشاورت کے بعد کریں گے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کا اہم ترین اجلاس چیئر مین پروفیسر قبلہ ایاز کی صدارت میں ہوا جس میں بیک وقت تین طلاقوں  کے معاملہ پر غور ہوا، اجلاس میں ممبران نے طویل بحث و مباحثہ کے بعد  تین طلاقوں کو قابل تعزیر عمل قرار دینے کے فیصلہ کی تایئد کی ۔ اجلاس میں بیک وقت تین طلاقیں دینے والے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ اور ایک سال قید کی سزا دینے کی تجویز دی گئی  تاہم اتفاق رائے نہ ہوسکا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا  کہ تین طلاقوں کی روک تھا م کے لئے جامع طلاق نامہ تشکیل دیا جائے گا، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے بتایا کہ کمسنی کی شادیوں کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کے خلاف ردعمل کےلئے ماہرین سے مشاورت کرینگے ۔