Saturday, April 20, 2024

اسلامی فوج کے سربراہ کی تقرری کی سینیٹ میں بھی بازگشت

اسلامی فوج کے سربراہ کی تقرری کی سینیٹ میں بھی بازگشت
January 9, 2017

 اسلام آباد(92نیوز)اسلامی ممالک کی فوج کے سربراہ کا معاملہ سینیٹ میں پہنچ گیا چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کا سوال تھا کہ کیا جنرل (ر) راحیل شریف نے حکومت سے این او سی لیا یا نہیں؟ وزیردفاع خواجہ آصف نے لاعلمی کااظہارکردیا چیئرمین سینٹ نے وزیردفاع کو جواب داخل کرانے کے مہلت دیدی۔

تفصیلات کےمطابق سینیٹ کا اجلاس چیئرمین رضا ربانی کی زیرصدارت ہوا توسابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل  شریف کی طرف سے اسلامی ممالک کی فوج کی کمان سنبھالنے  کا معاملہ زیر بحث آیا۔ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ یہ ایک اہم مسئلہ ہے، ہمارے سابق  آرمی چیف اسلامی ممالک کی فوج کے سربراہ مقررہ ہوئے ہیں۔ کیا ریٹائرڈ آرمی چیف ایسی کسی فورس کے سربراہ منتخب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے این او سی حاصل کیا ہے یا نہیں، اور اسکے قواعد وضوابط کیا ہیں؟ کیا حکومت کو اس حوالے سے اعتماد میں لیا گیا۔ ایوان کے پاس مکمل معلومات ہونی چاہیں۔ اس پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اس حوالے سے ان کے پاس کوئی معلومات نہیں ہیں۔ آئندہ اجلاس کو آگاہ کرینگے۔ چیئرمین سینیٹ نے وفاقی وزیر دفاع کو حکومتی جواب دینے کے لئے مہلت دے دی۔