Tuesday, May 7, 2024

اسلامی جمہوریہ پاکستان کے تیرہویں صدر کا انتخاب آج کیا جائے گا

اسلامی جمہوریہ پاکستان کے تیرہویں صدر کا انتخاب آج کیا جائے گا
September 4, 2018
اسلام آباد( 92 نیوز) اسلامی جمہوریہ پاکستان کے تیرہویں صدر کا انتخاب آج کیا جائے گا۔ صدارتی انتخابات جیتنے کےلئے ڈاکٹر عارف علوی مضبوط امیدوار بن گئے ہیں  ۔ اپوزیشن ایک امیدوار پر متحد ہو بھی جائے تو بھی عارف علوی تیرہویں صدر پاکستان بن جائیں گے۔ صدارتی انتخاب میں عارف علوی کی کامیابی کے واضح امکانات  ہیں ، پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کو351کے قریب ووٹ ملنے کا امکان ہے۔ اپوزیشن اتحاد کے امیدوار مولانا فضل الرحمان کو 217ووٹ ملنے کی توقع ہے جب کہ پاکستان پیپلزپارٹی  کے اعتزاز احسن کو 118ووٹ مل سکتے ہیں ،اپوزیشن متحد ہوگئی تو امیدوار کو335 کے قریب ووٹ مل سکتے ہیں۔ نمبر گیم کے مطابق حکومتی جماعت تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کو دونوں حریفوں پر واضح برتری نظر آرہی ہے ،اپوزیشن کے دونوں امیدوار میدان میں رہے تو ڈاکٹر عارف علوی باآسانی دونوں مخالف امیدواروں کو 130 سے زائد ووٹوں کی لیڈ سے ہرا دیں گے۔ نمبر گیم کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی کو اتحادی جماعتوں کی حمایت سے 351 کے لگ بھگ ووٹ ملنے کا امکان ہے تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار کو پنجاب اسمبلی سے 33 سندھ سے 26 خیبرپختونخواہ سے 42 بلوچستان سے 41 سینیٹ سے 32 اور قومی اسمبلی سے 177 ووٹ مل سکتے ہیں۔ پانچ جماعتی اپوزیشن اتحاد کے امیدوار مولانا فضل الرحمن کو 217  ووٹ ملنے کا امکان ہے مولانا فضل الرحمن کو قومی اسمبلی سے 99 سینیٹ سے 46 بلوچستان اسمبلی سے 29  کے پی کے سے 14 سندھ سے ایک اور پنجاب سے 28 ووٹ مل سکتے ہیں۔ اپوزیشن اتحاد سے نکل کر سولو فلائیٹ کرنے والی پیپلزپارٹی کے امیدوار چوہدری اعتزاز احسن کو 118 ووٹ ملنے کا امکان ہے اعتزاز احسن کو پنجاب اسمبلی سے دو سندھ سے 38  کے پی کے سے 3  سینیٹ سے 21 اور قومی اسمبلی سے 54 ووٹ مل سکتے ہیں۔ نمبر گیم کے مطابق اپوزیشن اگر ایک امیدوار پر متفق ہوگئی تو ان کی تعداد 335 تک بنتی ہے جو ڈاکٹر عارف علوی کے مقابلے میں کم از کم سولہ ووٹ کم ہونگے اور پی ٹی آئی اگلے پانچ سال کےلئے اپنا صدر منتخب کروا لے گی،ذرائع کا کہنا ہے کہ صدارتی انتخاب میں خفیہ ووٹنگ کیوجہ سے نمبر گیم میں فرق پڑسکتا ہے ۔