Friday, April 26, 2024

اسلاموفوبیا ،نسلی امتیازاور مذہبی منافرت کی گھناؤنی شکل ہے،ملیحہ لودھی

اسلاموفوبیا ،نسلی امتیازاور مذہبی منافرت کی گھناؤنی شکل ہے،ملیحہ لودھی
June 19, 2019
نیویارک ( 92 نیوز) نفرت انگیز اظہارخیال کیخلاف اقوام متحدہ کی حکمت عملی کے اجرا سے متعلق فورم میں  پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ اسلاموفوبیا نسلی امتیاز اور مذہبی منافرت کی گھناؤنی شکل ہے،اقوام متحدہ اسلام دشمن رویوں کے خلاف اقدامات اٹھائے۔ اقوام متحدہ نے نفرت انگیز اظہار خیال کیخلاف حکمت عملی جاری کردی  ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس نے حکمت عملی کا اجراء کیا ۔ پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے حکمت عملی کے اجراء کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا اسلامو فوبیا ،نسلی امتیاز اور مذہبی منافرت کی گھناؤنی شکل ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے بھی اسلام دشمن تعصب کے خلاف عالمی کاوشیں تیز کرنے پر زور دیا ہے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہناتھا نفرت انگیز اور پرتعصب کلمات کا افراد اور معاشرے پر منفی اثر پڑتا ہے۔ سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ کے اداروں کو نفرت پر مبنی مواد کے فروغ کا آلہ کار نہیں بننا چاہیے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ نفرت انگیز اور متعصبانہ بیانات کے سنگین نتائج ہوتے ہیں، انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومتوں کو نفرت انگیز اظہار خیال کو روکنے کیلئے جامع قانون سازی کرنی چاہیے۔