Monday, May 13, 2024

اسلاموفوبیا مسلمانوں کو دیوار سے لگانے کا باعث ہے، وزیراعظم عمران خان

اسلاموفوبیا مسلمانوں کو دیوار سے لگانے کا باعث ہے، وزیراعظم عمران خان
May 4, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں اسلاموفوبیا مسلمانوں کو دیوار سے لگانے کا باعث ہے۔ اسلام کو دہشتگردی سے جوڑنا غلط ہے۔ اسلام کے حقیقی تشخص کو اُجاگر کرنے کی ضروت ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے او آئی سی ممالک کے سفیروں نے ملاقات کی، اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر گفتگو۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلاموفوبیا مذاہب کو تقسیم کرنے اور مسلمانوں کو دیوار سے لگانے کا باعث بن رہا ہے۔ اسلام کو دہشتگردی اور انتہا پسندی سے جوڑنا غلط ہے۔ دنیا میں اسلام کا حقیقی تشخص اجاگر کرنے کے لیے او آئی سی کو مشترکہ کوشش کرنی چاہئیں۔

وزیراعظم آفس کے اعلامیہ کے مطابق، وزیراعظم نے کہا، آزادی اظہار کی آڑ میں مقدس شخصیات کی توہین سے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے لیے باعث تکلیف ہے۔ عالمی برادری کو اس حساسیت سے آگاہ کرنے کے لیے اسلامی تعاون تنظیم مشترکہ لائیحہ عمل اپنائے۔ ہمیں دنیا کو بتانا ہو گا کہ ہمارے دلوں میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور قرآن مجید کا کتنا احترام ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے مذاہب کے مقدسات کو قانونی تحفظ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان دنیا میں مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کا خواہاں ہے۔ انتہا پسندی اور دہشتگردی کو اسلام کے ساتھ جوڑنا مسلمانوں کے لئے بدنامی کا باعث ہے۔