Monday, May 13, 2024

اسلام نے اقلیتوں کے حقوق کی بات کی ، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری

اسلام نے اقلیتوں کے حقوق کی بات کی ، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری
July 8, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا اسلام نے اقلیتوں کے حقوق کی بات کی۔ ہمارے دین اور قائداعظم کے اصولوں کے مطابق اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے۔ قومی اسمبلی اجلاس میں مندر کی تعمیر کے معاملہ پر بحث ہوئی تو وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا نبی کریمﷺ کے دور میں مسیحی وفد نے مسجد نبوی میں عبادت کی تھی۔ اسلام کے علاوہ مساوات کا درس کہیں نہیں ملتا۔ ہندو مندر کی تعمیر پر کئی روز سے بات چل رہی ہے۔ اسلام نے مذہب اور عقیدہ کے علاوہ انسانیت اور انسانی رویوں پر زور دیا ہے۔ پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا اسلام اور آئین میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ پاکستان کا خطے میں اقلیتوں کے ساتھ رویہ سب سے بہترین ہے۔ اسلام آباد مندر کے حوالے سے اقلیتی ممبران نے ملاقات میں فنڈ مانگا تھا۔ اقلیتی وفد کو جواب دیا ہمارے پاس فنڈز نہیں اور رولز اجازت نہیں دیتے۔ حکومت نے مندر کےلئے فنڈز نہیں جاری کئے۔ وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کچھ مذہبی اور سیاسی عناصر نے حکومت کو مندر پر زچ کرنے کی کوشش کی۔ کچھ جید علماء کے بیانات آئے جن کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ کیا مندر کی تعمیر سرکاری خزانہ سے ہوسکتی ہے؟ اس پر اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے مانگی ہے۔ مندر کا نقشہ منظور نہیں ہوا تھا اس لئے اس پر کام روک دیا گیا ہے۔