Saturday, April 27, 2024

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو  8 وکٹوں سے شکست دیدی

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو  8 وکٹوں سے شکست دیدی
February 22, 2020
لاہور ( 92 نیوز) پی ایس ایل فائیو کے پانچویں  میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ  نے ملتان سلطانز  کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی، 165 رنز کا ہدف 16.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔ لیوک رونکی نے 45 گیندوں پر 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 74،کولن منرو نے 32 گیندوں پر 4 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے ۔ ڈیوڈ ملان نے 21 گیندوں پر ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 35 اور کولن انگرام ایک رن بنا کر ناقابل شکست رہے ۔ اس سے قبل  ملتان سلطانز نے  اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 165 رنز کا ہدف دیا تھا ، ملتان سلطانز کی جانب سے اوپنر شان مسعود اور جیمز وینس نے 41 اسکور کی شراکت داری قائم کی  جہاں کپتان شان مسعود 21 اسکور بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ  ہو گئے ۔ ٹاپ آرڈر معین علی 10،رئیلی روسو صفر پر اسکور آؤٹ ہو ئے ،اوپنر جیمز وینس  آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی تھے ، انہوں نے 31 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے ۔ خوشدل شاہ 7،شاہد آفریدی 11 رنز بنا کر ہمت ہار گئے ،وکٹ کیپر ذیشان اشرف 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، انہوں نے 29 گیندیں کھیل کر تین چھکے اور چار چوکے بھی جڑے ۔سہیل تنویر نے 10 رنز بنائے ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد بٹ نے 4 اوورز میں 27 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا ،انہوں نے اوپنر جیمز وینس ،معین علی ،رئیلی روسو  اور سہیل تنویر جیسی قیمتی وکٹیں حاصل کیں ۔ فہیم اشرف نے اوپنر شان مسعود اور وکٹ کیپر بلے باز زیشان شرافت کا شکار کیا جبکہ محمد موسیٰ اور عاکف  جاوید نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔