Thursday, April 25, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ چڑیا گھر سے جانوروں کی منتقلی کے حکم پر عملدرٓامد نہ ہونے پر برہم

اسلام آباد ہائیکورٹ چڑیا گھر سے جانوروں کی منتقلی کے حکم پر عملدرٓامد نہ ہونے پر برہم
July 11, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ چڑیا گھر سے جانوروں کی منتقلی کے حکم پر عملدرآمد نہ ہونے پر برہم ہو گئی ، واضح کردیا جانوروں کی منتقلی کیلئے مہلت میں توسیع نہیں ہوگی، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے یہاں انسانوں کا خیال نہیں رکھا جارہا جانوروں کا کیا رکھیں گے۔

عدالتی احکامات کے باوجود اسلام آباد کے چڑیا گھر سے جانوروں کی عدم منتقلی پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ برہم ہوگئے، منتقل نہ کرنے اور بیان حلفی جمع نہ کرانےکا پوچھا، ریمارکس دیے کاون ہاتھی سمیت تمام جانور بہت سختیاں جھیل چکے ہیں۔

چیف کمشنر اسلام آباد کو روسٹرم پر طلب کیا تو وہ عدالتی احکامات سے لاعلم نکلے، عدالت کو یقین دلایا کہ جانوروں کو متبادل جگہ پر لے جانے کیلئے وائلڈ لائف کو زمین دیں گے۔

 چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے ہم کیوں اللہ اور اللہ کے رسول کے احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں ۔ عدالت نے مزید کہا وزیراعظم کو آپ لوگ بتاتے کیوں نہیں کہ وائلڈ لائف سے متعلق قوانین موجود ہیں لیکن ان پر عمل نہیں ہو رہا، عدالتی احکامات کو آپ سب نظر انداز کر رہے ہیں، فیصلے کو کسی نے چیلنج بھی نہیں کیا پھر عمل کیوں نہ ہوا۔

عدالت نے فریقین کوپیر کے روز میٹنگ کر کے حل نکالنے کا حکم دے دیا، قرار دیا جانوروں کی منتقلی اور وائلڈ لائف قوانین پر عملدرآمد کا لائحہ عمل بھی تیار کریں، سماعت آئندہ ہفتے دوبارہ ہوگی۔