Thursday, April 25, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چڑیا گھر توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چڑیا گھر توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا
December 14, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چڑیا گھر توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جانوروں کو کسی دوسرے چڑیا گھرمنتقل نہ کیا جائے، وزیراعظم کی جانوروں کے ساتھ تصاویر عدالتی فیصلے کی تائید کرتی ہیں۔

چڑیا گھر سے جانوروں کی منتقلی سے متعلق کیس کی  سماعت  چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کی، دوران سماعت وائلڈ لائف بورڈ کے حکام نے بتایا کہ ببلو اور سوزی نامی ریچھوں کوبیرون ملک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ وزارت اور بورڈ کے بیان کے بعد عدالت نے ریچھوں کو اردن منتقل کرنے کا فیصلہ دیا تھا، عدالتی فیصلہ آنے کے بعد ریچھوں کو اردن منتقل کرنے کیلئے پرمٹ جاری کیا گیا، عدالت کو آگاہ کیے بغیر پھر اچانک سے پرمٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

وکیل نے بتایا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی وائلڈ لائف بورڈ کے فیصلوں پر اثرانداز نہیں ہوتی، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالت تمام فریقین کے کنڈکٹ کا جائزہ لے رہی ہے، 2 شیروں کے ساتھ جو ہوا وہ سب کے سامنے ہے لیکن عدالت نے تحمل کا مظاہرہ کیا، غلط تاثر دیا گیا کہ اس عدالت کا کوئی مفاد ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کا کوئی مفاد نہیں، مفاد صرف جانوروں کی بہتری ہے، صدر مملکت اور وزیراعظم میں جانوروں کیلئے ہمدردی ہے اور انہوں نے اس عدالت کے فیصلے کو سراہا ہے، دلائل کے بعد عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔