Friday, April 19, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمیر بلوچ کیخلاف توہین عدالت کا نوٹس واپس لے لیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمیر بلوچ کیخلاف توہین عدالت کا نوٹس واپس لے لیا
December 19, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) پی آئی سی واقعے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ بار اور بینچ کے درمیان ڈیڈلاک ختم ہو گیا، سیکرٹری بارعمیربلوچ کے خلاف توہین عدالت کانوٹس واپس لےلیا ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے سیکرٹری عمیر بلوچ کےخلاف توہین عدالت کے کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی ، عمیر بلوچ اور بار کے صدر راجہ انعام امین منہاس و دیگرعہدیداران عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت نے بار کے سیکرٹری اور دیگر ممبران کے پیش ہونے پر شوکاز نوٹس واپس لے لیا، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ کل آپ آگئے تھے ، جب احساس ہو جائے تو اتنا ہی کافی ہے ، یہ عدالت توہین عدالت میں سزا پر یقین نہیں رکھتی ، بڑے دکھ سے شوکاز نوٹس جاری کیا ، بار مضبوط ہو گی تو بینچ مضبوط ہو گا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ کااحتساب بھی مضبوط بار ہی کرتی ہے ، بار کا نوبل کردار یہ ہے کہ عدالتوں پرعوام کااعتماد بڑھے ، بار نے بھی رول ماڈل کا کردار ادا کرنا ہے، امید ہے یہ بار عدلیہ کی آزادی کا تحفظ کرے گی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بار سیکرٹری عمیر بلوچ کو عدالتی کارروائی میں مداخلت پر12 دسمبر کوتوہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کرکے 19 دسمبرتک ان کا لائسنس معطل کیا تھا۔ وکلا تنظیموں نے احتجاجاً چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت کا بائیکاٹ کیے رکھا۔