Wednesday, May 8, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سنتھیا رچی کو ملک بدر کرنے سے روک دیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سنتھیا رچی کو  ملک بدر کرنے سے روک دیا
September 7, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے امریکی شہری سنتھیارچی کو ملک بدرکرنے سے روک دیا، عدالت نے سنتھیارچی سے شکایات پر مبنی بیان حلفی مانگ لیا ، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ویزے میں توسیع نہ کرنے کی وجوہات بیان کرنے کی ضرورت نہیں۔

اسلام آباد  ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نےامریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کی وزارت داخلہ کے احکامات کیخلاف درخواست پر سماعت کی ، سنتھیا رچی اپنے وکیل عمران فیروز کے ہمراہ پیش ہوئیں ۔

دوران سماعت وکیل سنتھیارچی نے کہا کہ ویزے میں توسیع نہ کئے جانے کی وجوہات بیان نہیں کی گئیں۔ سنتھیارچی کو سنا تک نہیں گیا۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ روزانہ بہت شہریوں کے ویزے مسترد کئے جاتے ہیں،وجوہات بیان کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی،ویزہ بنیادی حق نہیں،ایک استحقاق ہوتا ہے۔ہم یقینی بنائیں گے کہ سنتھیا ڈی رچی کو مکمل انصاف ملے ،آپ کے حوالے سے کیسز ماتحت عدالتوں میں بھی زیر سماعت ہیں ۔

عدالت نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت سے پہلے سنتھیارچی بیان حلفی میں تمام شکایات درج کرکے جمع کرائیں۔

عدالت نے وزارت داخلہ ، ڈی جی ایف آئی اے سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرکے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا ، وزارت داخلہ نے 2 ستمبر کو امریکی بلاگر سنتھیارچی کو 15 دن میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔