Tuesday, April 23, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے تمام عدالتیں کھولنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے تمام عدالتیں کھولنے کا اعلان کر دیا
February 10, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے تمام عدالتیں کھولنے کا اعلان کر دیا۔ احتجاجی وکلا کےخلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

سرکاری زمین سے چیمبرز گرانے کےخلاف وکلا نے احتجاج کیا ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ اور اسلام آباد ضلع کچہری میں عدالتیں بند رہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر رینجرز اور پولیس کا پہرہ رہا۔ اہلکاروں کو احاطہ عدالت کے اندر اور باہر تعینات کیا گیا۔ تمام داخلی راستے بند رہے۔ تاہم ججز اور عملہ موجود رہا۔

سی ڈی اے نے اسلام آباد کچہری میں چیمبرز کےخلاف ایک اور آپریشن کی تیاری کر لی۔ مزید چیمبرز گرانے کے نوٹس چسپاں کر دیئے گئے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فٹ پاتھوں پر بنے چیمبرز غیرقانونی ہیں خود گرا دیں ورنہ گرائے جائیں گے۔ تھانہ مارگلہ میں بھی 15 احتجاجی وکلا کےخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ مشتعل وکلا کے ہاتھوں میں ڈنڈے اور اینٹیں تھیں۔ وکلا نے ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں سے سرکاری اسلحہ چھیننے کی کوشش کی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے حملے اور توڑ پھوڑ میں ملوث وکلاء کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کر دی ، 17 وکلاء کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے تمام عدالتیں کھولنے کا اعلان کر دیا ۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ہائیکورٹ اور ضلع کچہری غیر معینہ مدت کے لیے بند نہیں کی گئیں تھیں۔