Saturday, April 20, 2024

اسلام آباد کے ڈی چوک پر یوم یکجہتی کشمیر کی شاندار تقریب کا انعقاد

اسلام آباد کے ڈی چوک پر یوم یکجہتی کشمیر کی شاندار تقریب کا انعقاد
February 5, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد کے ڈی چوک پر یوم یکجہتی کشمیر کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منایا جا رہا ہے۔ کوہالہ پل پر ہزاروں افراد نے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی۔ اسلام آباد کا ڈی چوک بھی کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھا۔ کوہالہ پل پر اہم رہنماؤں سمیت ہزاروں افراد نےانسانی ہاتھوں کی زنجیر بناکر مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہارکیا اور اس عزم کو دہرایا گیا  کہ مقبوضہ وادی کی آزادی تک قوم کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ اسلام آباد کے ڈی چوک پر یوم یکجہتی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور، حریت رہنماؤں سمیت ہزاروں افراد کی شرکت ہوئی۔ سائرن بجائے گئے، ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔ وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم ڈھانے سے باز آجائے ، مذاکرات کی دعوت کو  کمزوری نہ سمجھا جائے۔ دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر کشمیریوں کی آواز بلند کریں گے۔ کوہالہ پل اور ڈی چوک میں ہونے والی تقریبات میں شریک شہریوں کا کہنا ہے کہ خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔ بھارت حق دینے کی بجائے مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ عالمی برادری نوٹس لے۔ مقبوضہ کشمیر کےمظلوم مسلمانوں سےاظہار یکجہتی کے لیے شہر شہر ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ ملک کی فضا بھارت مخالف اور کشمیریوں کے حق میں نعروں سےگونج رہی ہے۔