Wednesday, May 8, 2024

اسلام آباد کے سیکٹر جی تیرہ کے رہائشی پینے کے صاف پانی سے محروم

اسلام آباد کے سیکٹر جی تیرہ کے رہائشی پینے کے صاف پانی سے محروم
June 30, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد کے سیکٹر جی تیرہ کے رہائشی پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولت سے بھی محروم ہیں۔ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ سوسائٹی میں صفائی اور سکیورٹی کے انتظامات بہتر نہیں ہیں۔ سڑک کنارے تعفن زدہ گندگی کے ڈھیر، بغیر ڈھکن کے کھلے گٹر، سونے پہ سہاگا گھریلو استعمال اور پینے کیلیے پانی تک میسر نہیں ۔ سیکٹر جی تیرہ میں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ سوسائٹی کی جانب سے کئی سال قبل رہائشی منصوبہ شروع کیا گیا ، تاہم آج بھی سوسائٹی انتظامیہ پانی، صفائی اور سکیورٹی جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہے ۔ رہائشیوں کا کہنا ہے پانی ناپید اور ٹینکر مافیا کا راج ہے۔ سیکٹر جی تیرہ کے باسیوں کا کہنا ہے سکیورٹی کے مسائل کا بھی سامنا ہے ۔ جرائم پیشہ عناصر ناکے لگا کر شہریوں کو لوٹتے ہیں ۔ دوسری جانب ڈپٹٰی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا تھا متعلقہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے حوالے سے تمام شکایات ہاؤسنگ منسٹری کو بھجوائی جاتی ہیں ۔ ٹینکر مافیا کو کنٹرول کرنے کیلیے جلد واٹر ٹینکر مالکان ایسوسی ایشن کے ساتھ قیمیتوں کا تعین کیا جائے گا ۔ رہائشیوں کا کہنا ہے قانون کے مطابق مقررہ وقت میں  سوسائٹی کو آباد کیا گیا نہ ہی ڈویلپمنٹ کا کام مکمل ہو سکا ۔ ضلعی انتظامیہ اور ہاؤسنگ فاونڈیشن، سوسائٹی میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلیے فوری اقدامات کرے ۔