Wednesday, April 24, 2024

اسلام آباد میں جے یو آئی کے دھرنے پر کچھ لوگ دھاوا بولنے کے حامی تھے، چودھری شجاعت

اسلام آباد میں جے یو آئی کے دھرنے پر کچھ لوگ دھاوا بولنے کے حامی تھے، چودھری شجاعت
July 10, 2020
لاہور (92 نیوز) رہنماء مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین کہتے ہیں اسلام آباد میں جے یو آئی کے دھرنے پر کچھ لوگ دھاوا بولنے کے حامی تھے۔ مولانا فضل الرحمٰن کے دھرنے پر حالات سازگار بنانے میں چودھری پرویز الہٰی کا اہم کردار رہا۔ رہنماء مسلم لیگ ق نے کہا ملیحہ لودھی کی گرفتاری کے مطالبے پر انہوں بتایا کہ اس کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔ چودھری شجاعت حسین نے مولانا فضل الرحمٰن کے دھرنے کے حوالے سے اہم انکشافات سے پردہ اٹھا دیا، کہتے ہیں مولانا فضل الرحمٰن جب دھرنے کیلئے اسلام آباد آئے تو کچھ لوگ دھرنے پر دھاوا بولنے کے حامی تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عمران خان سے بات کرنے کو کوئی بھی تیار نہیں تھا سب ایک دوسرے پر ڈال رہے تھے، چودھری پرویزالہٰی حکومتی مذاکراتی کمیٹی کےممبر نہیں تھے لیکن ان سے کہا گیا کہ وہ عمران خان سے بات کریں۔ چودھری شجاعت نے جاری بیان میں کہا کہ چودھری پرویز الہٰی نے عمران خان سے ملاقات کی اور مشورہ دیا، انہوں نے کہا اگر مار کٹائی شروع ہوگئی اور کوئی آدمی مر گیا تو الزام لینے پر کوئی تیار نہیں ہو گا۔ وزیراعظم کو ہر چیز کا جواب دینا پڑے گا جس پر فیصلہ مؤخر کر دیا گیا۔ مسلم لیگ ق کے رہنماء نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے معاملے پر ہماری پارٹی پر  الزام لگایا گیا، ایسے حالات میں پرویزالہٰی کی باہمی سوچ پر عمل کرتے ہوئے معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہوا، اور تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا کے دھرنے کے سارے واقعے میں ایک گلاس تک نہیں ٹوٹا۔ شجاعت حسین نے کہا نوازشریف نے بھی  ملیحہ لودھی کو بغاوت کے کیس میں گرفتار کرنے کا کہالیکن میں نے اختلاف کیا۔