Friday, March 29, 2024

اسلام آباد میں تعمیراتی منصوبوں کیلئے انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی منظوری لازمی قرار

اسلام آباد میں تعمیراتی منصوبوں کیلئے انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی منظوری لازمی قرار
August 15, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد ہائیکوٹ نے  تمام تعمیراتی منصوبوں کیلئے انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی منظوری لازمی قرار دیتے ہوئے حکم جاری کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران  چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ وفاقی دارالحکومت میں ماحولیاتی قوانین کی مکمل خلاف ورزی کی جا رہی ہے، سی ڈی اے نےاسلام آباد کے نیشنل پارک کو بھی تباہ کردیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ نیشنل پارک سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ موجودہ ہے ، سی ڈی اے اس کا بھی خیال نہیں رکھتی، اِس نے جوگورننس کا حال کردیا ہے وہ بہت افسوس ناک ہے، جن کی ڈیوٹی شہریوں کا تحفظ ہے وہ تمام قانون شکن بنے ہوئے ہیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے محکمہ ماحولیات کے حکام سے مکالمے کے دوران کہا کہ آپ کے ادارے کے ہوتے ہوئے سب کچھ ہورہا ہے، کیا آپ سو رہے ہیں یا آپ کا ادارہ ختم کردیں؟ ، آپ آنے والی نسلوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں، صرف یہ بتا دیں آپ کے قانون کے مطابق آپ کی کچھ ذمہ داریاں ہیں؟۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کے پاس ازخود اختیارات بھی ہیں، آپ نے کہا سی ڈی اے نے اجازت کے بغیرکام شروع کیا تو کیا آپ نے نوٹس کیا؟، ہم اس وقت ایسی اسٹیج پر پہنچ چکے ہیں کہ احتساب کا عمل شروع ہونا چاہیے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ریاست عوام کی کوئی خدمت نہیں کر رہی سب کچھ اشرافیہ کے لیے کرتی ہے، بڑی شخصیات کے لیے کہا جاتاہے ریگولرائز کر دیں کمزور کو یہ سہولت میسر نہیں، ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹ میں کیسز،بیک لاگ گورننس کے نہ ہونے کی وجہ سے ہے۔

عدالت نے اسلام آباد میں کوئی بھی تعمیراتی منصوبہ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی منظوری کے بغیر شروع نہ کرنے کی ہدایت کردی ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم ،سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی ، چئیرمین سی ڈی اے  کو 22  اگست کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔