Saturday, April 20, 2024

اسلام آباد میں 18 فروری کوعام تعطیل ہو گی

اسلام آباد میں 18 فروری کوعام تعطیل ہو گی
February 16, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی آمد کے باعث 18فروری بروز سوموار کو اسلام آباد میں عام تعطیل ہو گی ۔ ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات نے عوام کی رائے مان لی، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ملازمین بھی گھر میں آرام کریں جبکہ   سپریم کورٹ کھلی رہے گی۔ پرائیویٹ تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی آمد پر ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات نے ٹویٹر پر شہریوں سے رائے مانگی کہ پیر کو چھٹی چاہیے یا عام دنوں کی طرح کام، ڈی سی کے ٹویٹ پر آناً فاناً  رپلائی آئے۔ 58 فیصد شہریوں نے چھٹی مانگی، 42 فیصد نے کام کرنے کو ترجیح دی۔ وزارت داخلہ اور ضلعی انتظامیہ نے عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق تعلیمی ادارے اور دفاتر 18 فروری کو بند رہیں گے، چھٹی کا اطلاق سی ڈی اے، میونسپل کارپوریشن، ضلعی انتظامیہ ،اسلام آباد پولیس، ٹریفک پولیس اور آئیسکو پرنہیں ہوگا۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ نے بھی پیرکوچھٹی کی منظوری دے دی، ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق ایوان زیریں کا اجلاس 18 فروری کے بجائے 20 فروری کی شام 4 بجے ہوگا۔ سپریم کورٹ میں معمول کے مطابق مقدمات کی سماعت  ہوگی ، اعلامیے میں وزارت داخلہ کو سپریم کورٹ کی سکیورٹی یقینی بنانے کےلیے ہدایت بھی کی گئی۔ اسلام آباد کے سرکاری اسپتالوں میں 17 اور 18 فروری کےلیے ہائی الرٹ بھی جاری  کردیا گیا ہے۔