Saturday, April 20, 2024

اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں بادل برسنے سے موسم ٹھنڈا ہو گیا

اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں بادل برسنے سے موسم ٹھنڈا ہو گیا
April 23, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں میں بادل برسے پڑے جس سے موسم ٹھنڈا ہو گیا۔

لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد، میرپور، صوابی اور دیگر علاقوں میں بھی بادل برسے۔ شیخوپورہ، صفدرآباد، علی پورچٹھہ ، ننکانہ صاحب اور گردنواح میں بھی بادل کھل کر برسے۔ اسلام آباد، مری، گلیات، ایبٹ آباد میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ استور میں بالائی علاقوں میں پھر برف باری ہوئی۔ بارش سے مختلف علاقوں میں فیڈر ٹرپ کر گئے ۔ بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ طوفانی بارش اور ژالہ باری سے فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا۔

ادھر محکمہ موسمیات نے کراچی میں ایک بار پھر ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج سے 25 اپریل تک گرمی کا ایک اور اسپیل آسکتا ہے جس میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

ہیٹ ویو سینٹر کے مطابق شدید گرمی کا ایک اور اسپیل کراچی میں آج سے شروع ہوسکتا ہے جس کے پچیس اپریل تک جاری رہنے کے امکانات ہیں اور اس اسپیل میں شہر کا درجہ حرارت اڑتیس سے چالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کے تین روزہ اسپیل میں دوپہر تک شمال مغرب سے ہوائیں چلنے کے امکانات ہیں جبکہ شام تک ہواوں کا رخ جنوب مغرب منتقل ہوسکتا ہے۔