Saturday, April 20, 2024

اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کےدرمیان آج قذافی اسٹیڈیم میں جوڑ پڑے گا

اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کےدرمیان آج قذافی اسٹیڈیم میں جوڑ پڑے گا
March 4, 2020
لاہور (92 نیوز) لاہور قلندرز آج پھر زور آزمائی کریں گے۔ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ میں ایک بار پھر زور کا جوڑ پڑے گا۔ لاہور قلندرز پے درپے تین شکستوں کے بعد ایسے جاگے کہ اپنی آل راؤنڈ کارکردگی سے مخالف ٹیموں کی نیندیں اڑا کر رکھ دیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف بیس اوورز میں 209 رنز بنا ڈالنے والے لاہور قلندرز نے آج اسلام آباد یونائٹیڈ  کو اپنا ٹارگٹ بنا لیا ہے۔ دونوں ٹیمیں شام سات بجے قذافی اسٹیڈیم میں آمنے سامنے آئیں گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پی ایس ایل میں ہونے والے گزشتہ پانچ معرکوں میں اسلام آباد یونائٹیڈ فاتح رہی ۔ رواں پی ایس ایل کے دوران 24 فروری کو بھی دونوں ٹیموں میں جوڑ پڑا تھا جس میں اچھے کھیل کے باوجود لاہور قلندرز بدقسمت رہے اور اسلام آباد یونائٹیڈ نے سخت مقابلے کے بعد محض ایک وکٹ سے میچ اپنے نام کر لیا تھا۔ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے 209 رنز کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 172 رنز بنا سکی۔ لاہور قلندرز کے سمت پٹیل نے 71 رنز بنائے ۔ بین ڈنک نے 43 گیندوں پر 93 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں پی ایس ایل کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ 10 چھکے بھی شامل تھے۔ لاہورقلندرز کے نوجوان فاسٹ باؤلر سلمان ارشاد نے  چار  وکٹیں حاصل کرکے اپنے خطرناک ارادے ظاہر کر دئیے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ ابھی تک چھ میں سے  دو میچ ہی جیت پائی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے جبکہ لاہور قلندرز دو پوائنٹس کیساتھ آخری نمبر پر ہے۔