Friday, March 29, 2024

اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری

اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری
September 8, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔

گزشتہ روز سے بارش وقفے وقفے کے ساتھ جاری ہے۔ اس وقت بھی راولپنڈی اور اسلام آباد میں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔ مسلسل بارش نے گرمی اور حبس کا زور توڑ دیا۔ خنکی کا احساس بڑھنے لگا۔ حسین موسم میں شہربے مثال کے نظارے دلفریب منظر پیش کرنے لگے۔

راولپنڈی میں موسلا دھار بارش نے ایک بار پھر سڑکوں کو تالاب میں بدل دیا۔ ترجمان واسا کے مطابق نالہ لئی میں پانی کی سطح نارمل ہے۔ طغیانی کا خدشہ نہیں۔ بارش کے پیش نظر واسا ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔

گزشتہ روز بھی تیز بارش سے راولپنڈی کے نشیبی علاقے ڈوب گئے تھے۔ وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کی لال حویلی کے باہر بھی ہرطرف پانی ہی پانی نظر آیا۔ گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بھی پانی میں ڈوب گئیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر، ہزارہ ڈویژن سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع  میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارشیں11 ستمبر تک جاری رہیں گی۔