Friday, April 19, 2024

اسلام آباد انتظامیہ نے ریڈ زون کی سکیورٹی مزید سخت کردی

اسلام آباد انتظامیہ نے ریڈ زون کی سکیورٹی مزید سخت کردی
November 2, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) جمعیت علماء اسلام (ف) کے الٹی میٹم  کے بعد آزادی مارچ کے  شرکاء کا ڈی چوک کی جانب پیش قدمی کا خدشہ  بڑھ گیا جس پر حکومت بھی متحرک ہو گئی  ،انتظامیہ نےریڈ زون کی سکیورٹی مزید سخت کر دی ، رینجرز، ایلیٹ فورس کی مزید نفری بھی تعینات کر دی گئی جب کہ بنی گالہ میں بھی سکیورٹی سخت کر دی گئی ۔ آزادی مارچ کے شرکاء کی جانب سے ڈی چوک کی جانب مارچ کے خدشے  کے پیش نظر وزارت داخلہ میں اہم اجلاس ہوا جس میں  قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں نے شرکت کی ،اجلاس میں واضح کیا گیا کہ اگر معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی تو سخت ایکشن لیا جائیگا۔ وزارت داخلہ کے احکامات پر عملدرآمد  بھی شروع ہو گیا جب کہ ریڈ زون کی سکویرٹی مزید سخت کر دی گئی ، بکتر بند گاڑیاں پہنچ گئیں اور شہر اقدار کے دیگر علاقوں میں تعینات پولیس اہلکاروں ، رینجرز ، ایف سی اور ایلیٹ فورس کو ریڈ زون منتقل  کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پشاور موڑ پر جلسہ گاہ کی سکیورٹی  کے بھی سخت انتظامات کئے گئے  ہیں ، آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور موثر سکیورٹی کے لئے افسران کو مناسب ہدایات دیں ، پولیس اہلکاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ڈیوٹی میں کسی قسم کی لا پرواہی نہ برتی جائے ۔