Saturday, April 20, 2024

اسلام آبادہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست مستردکردی

اسلام آبادہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست مستردکردی
March 10, 2015
اسلام آباد(ویب ڈیسک)اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب فوری رکوانے کیلئے تحریک انصاف کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اٹارنی جنرل سے ایک ہفتے میں جواب طلب کیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن رکوانے کیخلاف تحریک انصاف کی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری کی درخواست پر سماعت کی گئی۔ دوران سماعت شیریں مزاری کے وکیل بیرسٹر شعیب رزاق نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فاٹا اور اسلام آباد کا الیکشن مکمل نہ ہونے تک چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن نہیں ہوسکتا۔ فاٹا کا سینیٹ الیکشن نہ ہونے سے وفاقی یونٹ نمائندگی سے محروم ہوگیا ہے۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ خدانخواستہ کوئی سینیٹرفوت ہوجائے تو کیا پھر بھی الیکشن رکوادیئے جائینگے؟ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ آپ اس کیس کے کیسے فریق ہیں؟ شیریں مزاری کے وکیل نے بتایا کہ بطورشہری وہ آئین اورقانون کی بالادستی کیلئے درخواست کرسکتے ہیں۔ عدالت نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن فوری روکنے کی استدعا مسترد کردی اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کیا ہے۔