Thursday, March 28, 2024

اسلام آباد:سات سال بعد یوم پاکستان پرروایتی پریڈ کا اہتمام

اسلام آباد:سات سال بعد یوم پاکستان پرروایتی پریڈ کا اہتمام
March 23, 2015
اسلام آباد(92نیوز)ملک بھر میں پچھہترواں یوم پاکستان انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا ۔ نماز فجر کے بعد ملک بھر میں ملک کے لئے خصوصی دعائیں  کرائی گئں ، اہم عمارتوں پر پرچم کشائی کی گئی جب کہ بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں پر بھی قومی پرچم لہرائے گئے ۔ یوم پاکستان کے سلسلے میں مرکزی تقریب وفاقی دارالحکومت میں ہوئی جب کہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں بھی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔ آج یوم پاکستان کے دن کے آغاز پر ہی وفاقی دارالحکومت میں 31توپوں کی سلامی اور صوبائی دارالحکومت میں 21توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا ۔ شکرپڑیاں کے قریب گراونڈ میں 7سال کے تعطل کے بعد مسلح افواج کی پریڈ ہوئی جس میں وزیر اعظم ،صدر ممنون حسین ،وفاقی وزرا ،مسلح فوج کے سربراہان اور دیگر حکام نے شرکت کی ۔ یوم پاکستان کے اس اہم دن کے موقع پر پورے ملک میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی جب کہ جڑواں شہروں میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات تھے ،شہر کے داخلی اور خارجی راستوں اور اہم شاہراہوں پر پولیس اوررینجرز کے دستے متعین تھے ۔ ایئرپورٹ اور دوسری حساس عمارتوں پر فوجی دستے متعین کیے گئے تھے ۔ مرکزی پریڈ میں پاک فوج کے مختلف دستوں نے اپنے فن کے جوہر دکھانے کے ساتھ ساتھ پاک فضائیہ کے دستوں نے فضائی جوہردکھائے ۔ تقریب میں مختلف سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے بھی گاکر تقریب کو چارچاند لگا دیے ۔ پریڈ میں طیاروں کی گھن گرج نے دشمنوں پر لرزہ طاری کردیا اور ہر طرف اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہوتی رہیں ۔ صدر مملکت نے شاندار پریڈ پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی منزل ترقی یافتہ پاکستان ہے، بزرگوں کے نقش قدم پر چل کر ملک کو مسائل کے بھنور سے نکالیں گے۔ صدر ممنون نے نسلی ، لسانی اور دیگر تعصبات سے پاک پاکستان بنانے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان کا سبز ہلالی پرچم ہمیشہ سربلند رہے گا صدر مملکت نے آرمی پبلک اسکول کے شہدا کو سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات اور مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ تقریب کے بعد ایوان صدر میں 52پاکستانیوں کو قومی سول ایوارڈ سے بھی نوازا گیا اور ان ایوارڈ کو حاصل کرنے والوں میں سے 9اوورسیز پاکستانی بھی شامل ہیں ۔