Saturday, April 20, 2024

اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور،گجرات سمیت متعدد شہروں سے بجلی غائب

اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور،گجرات سمیت متعدد شہروں سے بجلی غائب
May 21, 2018
اسلام آباد( 92 نیوز) ایک ہی ہفتے میں بجلی کا دوسرا بڑا ڈاؤن ، کئی گرڈ اسٹیشن ٹرپ کر گئے ۔اسلام آباد،لاہور،راولپنڈی،گجرات اور دیگر شہروں میں بجلی غائب ہو گئی جب کہ گرمی نے روزہ داروں کی چیخیں نکلوادیں۔ملتان بھی متاثر ہوا۔حکام کی جانب سے مساجد میں اعلانات کئے گئے جن میں جلد بجلی کی بحالی کے دعوے کئے گئے ، جلالپور  پیر والا، شجاع آباد اور دیگر علاقے بھی بجلی سے محروم  رہے ۔ ابھی پہلے بریک ڈاؤن کی انکوائری مکمل نہ ہوئی تھی کہ چند دنوں میں بجلی کا دوسرا بڑا بریک ڈاؤن   ہو گیا، ابتدا میں روات میں پانچ سو کے وی  ٹرانسمیشن  لائن میں فنی خرابی  کے باعث راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم سمیت دیگر شہروں میں بجلی بند ہوگئی۔ پانچ سو کے وی ٹرانسمیشن لائن میں فنی خرابی کو دور کرنے میں تین گھنٹے لگے  ۔  بجلی بحال ہوئی تو کالا شاہ کاکو میں این ٹی ڈی سی کے 220 کے وی گرڈ اسٹیشن میں ٹرپنگ  کے باعث  گیپکو، فیسکو اور میپکو کے سسٹم متاثر  ہوئے  جبکہ  گدو ٹرانسمیشن لائن بھی ٹرپ کر گئی۔ دوسری طرف ملتان میں این ٹی ڈی سی دو بیس کے وی  گرڈ اسٹیشن میں فنی خرابی کے باعث میپکو کے پانچ گرڈ اسٹیشن کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ۔ ادھرگجرات  اور گردو نواح میں بھی بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا  ،جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، بجلی کے اس بڑے بریک ڈاؤن کے باعث  شیخوپورہ، فیصل آباد، جہلم، ، منڈی بہاوالدین اور  سرگودھا سمیت کئی چھوٹے بڑے شہر ، قصبے اور دیہات متاثر ہوئے ۔ طلال چوہدری توہین عدالت کیس کے دوران بھی بجلی اچانک بند ہوئی تو جسٹس گلزار چوہدری نے کہا کہ دیکھیں یہ کیا ہو رہا ہے صبح سے تین مرتبہ بجلی بند ہو چکی ہے ۔ دوسری طرف وزیرداخلہ کی تقریب کے دوران بھی بجلی غائب ہو گئی ۔جس پر طلبا نے شور شرابا کیا تاہم وزیرداخلہ نے تقریب جاری رکھی۔