Friday, April 26, 2024

اسلام آباد،80 عمرہ زائرین کیساتھ فراڈ ہو گیا، پی آئی اے کاخالی جہاز سعودیہ روانہ

اسلام آباد،80 عمرہ زائرین کیساتھ فراڈ ہو گیا، پی آئی اے کاخالی جہاز سعودیہ روانہ
January 14, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر  عمرہ کیلئے جانیوالے 80 افراد کے ساتھ ہاتھ ہو گیا ، ٹریول ایجنٹ نے پیسے لیکر ٹکٹیں جاری کیں لیکن سسٹم میں اندراج نہ کیا ۔ پی آئی اے کا خالی جہاز سعودیہ روانہ ہوگیا۔ سیٹیں کنفرم نہ ہونے پر عملے نے 80 مسافروں کو طیارے میں سوار ہونے سے روک دیا ، پی آئی اے کی پرواز پی کے 741 خالی نشستوں کے ساتھ سعودیہ روانہ ہوگئی، جس سے خزانے کو لاکھوں کا نقصان ہو گیا۔ پی آئی اے عملے کی جانب سے ماضی میں بھی ایسے بہت سے کیسز سامنے آتے رہے ہیں جو قومی ائیر لائنز کے لئے بدنامی کا باعث بنے ۔ ماضی میں  ایک ائیرہوسٹس  کینیڈا میں گئی اور پھر وہیں روپوش ہو گئی ۔ اس سے قبل لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ پر پی آئی اے عملے کے کارکن کوموبائل اسمگلنگ کے الزام  میں حراست میں لیا گیا تھا جسے  بعد ازاں وارننگ دے کرچھوڑ دیا گیا تھا۔ لندن کے ہیتھرو ائرپورٹ پر کسٹم حکام نے شک ہونے پر پی آئی اے عملے کے کارکن شہباز الرحمان  کے بیگ کی تلاشی لی تو دو درجن کے قریب بیش قیمت موبائل بر آمد ہوئے۔ کسٹم حکام کو مطمئن نہ کرنے پر شہباز الرحمان کو روک  کر فلائٹ کو روانہ کردیا گیا تاہم بعد ازاں شہباز الرحمان کو وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا تھا۔شہباز الرحمان لندن سے لاہور آنیوالی  پرواز 758 میں لندن سے لاہور آرہا تھا۔ دو سال قبل بھی پی آئی اے کی ائیر ہوسٹس اور عملے کو  قیمتی موبائل فون لے جانے پر لندن کے ایئرپورٹ پر حراست میں لیا گیا تھا۔ ماضی کے ایک اور واقعے میں پی آئی اے کے جہاز میں کپتان اور اسٹیورڈ  بھی آپس میں لڑ چکے ہیں جس کی سزا مسافروں کو  بھگتنا پڑی ۔ جھگڑا اس قدر شدت اختیار کر گیا کہ پائلٹ انوار چودھری نے اسٹیورڈ اویس قریشی کو طیارے میں سوار کرانے سے انکار کر دیا جس پر کریو نے بھی جانے سے انکار کر دیا اور پی آئی اے کی پرواز پی کے سیون فائیو سیون تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی ۔ کپتان انوار چودھری نے اسٹیورڈ اویس قریشی پر الزام عائد کیا کہ اسٹیورڈ لندن پرواز اسمگلنگ کیس میں ملوث رہا ہے، سمگلنگ الزامات کی وجہ سے باقی لوگوں کو بھی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔