Saturday, April 20, 2024

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو چار وکٹوں سے شکست دے دی

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو چار وکٹوں سے شکست دے دی
March 14, 2019
 کراچی (92 نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے پہلے الیمینیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔ کراچی کنگز کا پی ایس ایل فور میں سفر اختتام پذیر ہو گیا۔ پی ایس ایل فور کا ایکشن ،تھرل اور انٹرٹینمنٹ سے بھر پور پہلا ایلی مینیٹراسلام آباد یونائیٹڈ  کے نام رہا ۔ دفاعی چیمپئن  نے کراچی کنگز کیخلاف آخری اوور میں چار وکٹوں سے کامیابی سمیٹی۔ آصف علی نے 10 گیندوں پر 24 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں  نو وکٹوں پر 161 رنز جوڑے۔ کراچی کنگز کے بلے بازوں نے جارحانہ  آغاز کیا اور پہلے دس اوور میں 100 رنز بنائے۔ اگلے دس اوورز میں کراچی کی ٹیم صرف 61 رنز ہی بنا سکی۔ کراچی کی جانب سے بابر اعظم 42 اور کولن منرو 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اسلام آباد کے محمد موسیٰ نے تین اور فہیم اشرف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز بھی اچھا نہ تھا ،63 رنز کے مجموعی اسکور پر تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ ایلکس ہیلز اور حسین طلعت کی   51 رنز کی شراکت داری نے جیت کی امید دلائی۔ ایلکس ہیلز 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایلکس ہیلز  اور حسین طلعت کے آؤٹ  ہونے پر میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں  سے نکلتا دکھائی دیا۔ آصف علی اور فہیم اشرف کے لاٹھی چارج  نے ایک بار پھر میچ اسلام آباد کے حق میں کر دیا۔ دفاعی چیمپئن نے 6 وکٹوں  کے نقصان پر آخری اوور میں ہدف حاصل کر لیا۔ فہیم اشرف نے 8 گیندوں پر 17 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ کراچی کے عمر خان اور عامر یامین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔