Saturday, May 11, 2024

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو شکست دیدی

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو شکست دیدی
February 24, 2021

کراچی (ویب ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز کی جانب سے دیا گیا 197 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پی ایس ایل سیزن 6  پرجوش انداز سے جاری ہے   جہاں شائقین کرکٹ چھکوں چوکوں سے محظوظ ہو رہے ہیں ،کراچی کنگز  کا 197  رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے  20 ویں اوور کی پہلی  گیند پر 5وکٹوں کےنقصان پر پورا کر لیا ۔

197 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں  اسلام آباد یونائیٹڈ  کی جانب سے آغاز اچھا نہ رہا  اور اوپنر فل سالٹ پہلے ہی اوور میں عماد وسیم کی گیند پر بغیر کوئی اسکور بنائے  کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے ۔ٹاپ آرڈر پر آنیوالے کپتان شاداب خان پہلی ہی گیند پر  محمد عامر کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔

اوپنر ایلکس ہیلز جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مطلوبہ اوسط کو  تناسب سے رکھا  اور 21 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے ۔ وہ چھٹے اوور کی تیسری گیند پر 75 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کو چوتھا جھٹکا ساتویں اوور کی تیسری گیند پر 82 کے اسکور پر لگا  جب فہیم اشرف 15 گیندوں پر دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنا کر ارشد اقبال کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ۔

افتخار احمد نے حسین طلعت کے ساتھ مل کر 96 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی  جہاں حسین طلعت 31 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنا ک رمحمد نبی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔

افتخار احمد 37 گیندوں پر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 49 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے  جبکہ آصف علی نے 9 گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے قیمتی 21 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے 7 باؤلرز کو آزمایا گیا، عماد وسیم ،محمد عامر،وقاص مقصود،ارشد اقبال اور محمد نبی ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے جب کہ عامر یامین  اور ڈینئل کرسٹئن کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے ۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے  مقررہ 20 اوورز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 196رنز بنا ڈالے ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر کراچی کنگز نے پہلے بازی کی ، کراچی کنگز کے اوپنر ز شرجیل خان اور بابر اعظم نے دھواں دھار بلے بازی کا  مظاہرہ کرتے ہوئے 176 رنز کی پارٹنر شپ کر کے پی ایس ایل تاریخ کا  ریکارڈ قائم کر دیا۔

176 کے اسکور  پر بابر اعظم رن آؤٹ ہو گئے ، انہوں نے 54 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 62 اسکور کئے ۔

شرجیل خان انیسویں اوور کی دوسری گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ، وہ حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔شرجیل خان نے 59 گیندوں پر 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنائے ۔محمد نبی 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈینئل کرسٹئن 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 8 باؤلرز کو آزمایا جن میں سے حسن علی اور حسین طلعت ایک ایک وکٹ حاصل کر سکے  جبکہ فہیم اشرف، محمد وسیم ، شاداب خان ، ظفر گوہر ، لیوئس گریگری  اور افتحار احمد کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے ۔

 کراچی کنگز کی ٹیم میں  شرجیل خان ، بابر اعظم ، عماد وسیم (کپتان) کولن انگرام ، جوئے کلارک  ( وکٹ کیپر) محمد نبی ، ڈینئل کرسٹئن،عامر یامین ،وقاص مقصود ، محمد عامر اور ارشد اقبال شامل تھے ۔

اسلام آباد کی ٹیم میں  الیکس ہیلز، شاداب خان (کپتان) ، حسین طلعت ، آصف علی ، افتخار احمد ، لیوئس گریگری ، فہیم اشرف، حسن علی ، ظفر گوہر اور محمد وسیم شامل تھے ۔

دونوں ٹیمیں ایونٹ میں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز جبکہ کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دی تھی۔