Tuesday, May 21, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ کا نواز شریف کی متفرق درخواستوں پر تحریری حکمنامہ جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ کا نواز شریف کی متفرق درخواستوں پر تحریری حکمنامہ جاری
September 16, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی متفرق درخواستوں پر تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔ نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہو گئے۔ وفاقی حکومت کو برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے نواز شریف کے وارنٹ کی تعمیل کرانے کا حکم دے دیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ ریفرنس پر نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں مسترد کر دیں اور کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پانچ صفحات پر مشتمل حکم نامے میں کہا کہ نواز شریف کو دی گئی ضمانت ختم ہو چکی، نواز شریف کو عدالت کے سامنے سرینڈر کرنا چاہیے تھا لیکن انہوں نے نہیں کیا۔ نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل پر میرٹ پر فیصلہ ہو گا ۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت سے قبل نواز شریف کی حاضری یقینی بنانے کی کارروائی ہو گی۔ نوازشریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر وفاقی حکومت عملدرآمد کرائے، کسی اور کیس میں بھی اشتہاری قرار پانے والا قانونی طور پر حاصل حقوق کھو دیتا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 22 ستمبر کوعدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا تھا  نواز شریف اشتہاری ہیں،اپیل کی سماعت کیلئے انکا عدالت میں پیش ہونا ضروری ہے۔